فارن فنڈنگ رپورٹ کے بعد اپوزیشن نے حکومت پر دباو بڑھا دیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)فارن فنڈنگ رپورٹ کے بعد اپوزیشن نے حکومت پر دباو بڑھا دیا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ اور حکومت پر کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی رپورٹ پرپی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کو بتایا جائے مغرب و مشرق کے کن افراد اور کن تنظیموں نے پی ٹی آئی کو مالی مدد کی اور بدلے میں ان سے کون کون سے مقاصد حاصل کئے؟
پی ٹی آئی کو مالی مدد کی اور بدلے میں ان سے کون کون سے مقاصد حاصل کئے؟ فضل الرحمان
الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے ردعمل میں جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ ہم سب کے لئے چشم کشا ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ان 53 اکاؤنٹس کو چھپایا، بیرون ملک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی فنڈنگ جاری تھی۔
انھوں نے کہا کہ رپورٹ میں اس فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے بھی انتہائی خطرناک رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں، جن غیرملکی قوتوں نے پی ٹی آئی کو بھاری مالی معاونت دی عمران اب انہی قوتوں کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے بعد ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی کے اساسی رکن اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے، وقت نے ہمارے موقف کو درست ثابت کر دیا کہ عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہے۔
ان کا کہناہے کہ عمران خان سے ملکی سلامتی اور مسلم قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں، ان کا ساڑھے تین سالہ دور اس قوم کے مستقبل پہ تباہ کن اثرات ڈال گیا، اب ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔
عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹا بلاول بھٹو
پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی رپورٹ کے اجراء پرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے سچ بولنے کا حلف اٹھا کر پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے،کروڑوں روپے دیدہ دلیری سے خردبرد کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم دوسروں کو کرپشن کے طعنے دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹا ہے، اسی لئے آج تباہ حال ملکی معیشت گواہ ہے کہ پی ٹی آئی سرکار قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹ رہی ہے،عمران خان کو زبردستی کا ایمان دار ثابت کرکے قوم پر مسلط کیا گیا۔
انکشافات اور ثبوت عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو فارغ کرنے کیلئے کافی ہیں، مریم نواز
گزشتہ روزمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی رپورٹ پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ انکشافات اور ثبوت عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو فارغ کرنے کے لیے کافی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزام لگانے والے عمران خان کا بال بال چوری میں ڈوبا ہوا ہے، ایسے بھیانک چہرے والے شخص کو صادق اور امین قرار دینے والے قوم کو جواب دہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نا صرف چوری کی اور چھپائی بلکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، ان کی محنت اور خون پسینے کی کمائی پر عیاشی بھی کی، اتنے سنگین فراڈ اور اسکینڈل ملکی تاریخ میں کسی جماعت کے سامنے نہیں آئے۔
مریم نواز نے کہا کہ انصاف کے نام پر پاکستان کو دھوکا دینے والے عمران خان کا بھانڈہ بیچ چوراہے پر پھوٹ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بھیانک چہرے کو چھپانے اور اُسے صادق و امین قرار دینے والے جواب دہ ہیں۔
Comments are closed.