تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3جنوری سے کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 3جنوری سے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، این سی او سی کا اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ سامنے آیا۔
این سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرنے کا معاملہ زیر غور آیا، خاص کر مختلف علاقوں میں سردی کو پیش نظررکھنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ سال 3جنوری کو دی جائیں گی، وفاقی تعلیمی اداروں میں 3 سے 9 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دھند والے علاقوں میں چھٹیوں کا فیصلہ صوبائی حکومتیں خود کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں عملی طور پر یکم سے چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ نیا ویریئنٹ اومی کرون تیزی سے دنیا میں پھیل رہا ہے، اسی تناظر میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرنا پڑا ہے اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات کو کووڈ ویکسین لگانا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ اسکول کھلے رکھنے سے لاکھوں اسٹوڈنٹس کووڈ ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے، والدین اپنے بچوں کو جلد از جلد کووڈ سے بچاو کی ویکسین لگوائیں تاکہ وہ کورونا خطرات سے بچ سکیں۔
Comments are closed.