پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 25ارب ڈالرز سے اوپر چلے گئے
کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 25ارب ڈالرز سے اوپر چلے گئے،یہ اضافہ سعودی عرب کی طرف سے قرض ملنے کے بعد ہواہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کو گزشتہ ہفتے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز موصول ہوئے تھے،اسٹیٹ بینک آف پاکستان حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 3 دسمبر کو زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 25 ارب 15 کروڑ ڈالر ہے۔
سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 65 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کی مد میں 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد قرضوں اور دیگر ادائیگیوں کے بعد گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سرکاری ذخائر میں 2 ارب 64 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا مجموعی اضافہ ہوا۔
اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق بیرونی ادائیگیوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے حالیہ چند ماہ کے دوران ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اربوں ڈالرز کی واضح کمی آئی ہے ، کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 49 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کے ذخائزر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ہی پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر پہلی مرتبہ 27 ارب ڈالرز کی بلند ترین سطح کو عبور کیے تھے، تاہم اس کے بعد کئی ہفتوں تک ذخائر میں مسلسل کمی ہوتی رہی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں10پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 177.30روپے سے بڑھ کر177.40روپے اور قیمت فروخت 177.50روپے سے بڑھ کر177.60روپے ہو گئی۔
اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر70پیسے مہنگا ہو ا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 178.50روپے سے بڑھ کر179.20روپے اور قیمت فروخت179روپے سے بڑھ کر179.70روپے ہو گئی ۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں1روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 199روپے سے بڑھ کر200روپے اور قیمت فروخت201روپے سے بڑھ کر202روپے ہو گئی۔
اسی طرح1روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 232روپے سے بڑھ کر233روپے اور قیمت فروخت 235روپے سے بڑھ کر236روپے تک پہنچ گئی ۔
Comments are closed.