تناول کو ضلع بنانے کے حق میں ہزاروں افراد کی لساں نواب میں ریلی
مانسہرہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)تناول کو ضلع بنانے کے حق میں ہزاروں افراد کی لساں نواب میں ریلی نکالی گئی، معروف سماجی رہنما ساجد حسین تنولی اور دیگر مقامی رہنماوں و اہم شخصیات نے اس ریلی کی قیادت کی۔
پریس کلب لساں نواب سے شروع ہونے والی یہ ریلی لاری اڈا پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اب کی بار ہم تناول کو ضلع بنا کر ہی دم لیں گے اور ہماری یہ جدو جہد تناول ضلع کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک جاری رہے گی۔
قومی تحریک ضلع تناول کے زیر اہتمام نکالی گئی اس ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تناول کو ضلع بنایا جائے، تناول کو مزید پسماندہ نہیں رہنے دیں گے، اب روائتی سیاستدانوں سے دھوکہ نہیں کھائیں ایسے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر لساں نواب کے بازار اور ریلی کے راستوں پر جگہ جگہ تناول کو ضلع بنانے کے حق میں بینرز لگائے گئے تھے جن پر سابق سیاستدانوں کو ان کے جھوٹے وعدے بھی یاد دلائے گئے، ساجد حسین تنولی اور دیگر رہنماو ں کی قیادت میں ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ضلع تناول ریلی میں نہ صرف لساں نواب بلکہ یونین کونل لساں ٹھکرال، یونین کونسل بحالی، خاکی، پھلڑہ، مانسہرہ ، دربنداور دیگر علاقوں کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی،مقررین نے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم قوم قبیلے اور سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس مطالبے پر متحد ہیں۔
تناول کو ضلع بناو ریلی کے روح رواں سماجی رہنما ساجد حسین تنولی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ تناول کے لوگ اپنے حق کیلئے گھروں سے باہر نکلے ہیں، انھوں نے بالخصوص نوجوانوں کے کردار کی بہت تعریف کی۔
ساجد حسین تنولی کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں کا بہت انتظار کیا ہے ترقیاتی کاموں کیلئے تو فنڈز کے بہانے بنا لیتے ہیں کبھی کوئی اور بہانے گھڑ لیتے ہیں مگر تناول کو ضلع بنانے کیلئے تو اسمبلی میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے مگر یہ گونگے بہرے بنے رہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے اسی لئے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کا سہارا لئے بغیر تناول کو ضلع بنانے کی جدوجہد کاآغاز کیا جائے ، ساجد حسین تنولی نے اہل علاقہ کے معززین، مقامی تاجروں، نوجوانوں اور دیگر طبقات کا شکریہ ادا کیا جو اپنے حق کیلئے ایک آواز بن گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں نے جب کوہ بھینگڑہ کو سیاحتی مقام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ کے مشیر فضل الہٰی کا دورہ کروایا تو اس کا بھی یہی مقصد تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں کسی پر الزا م تراشی کیلئے جمع نہیں ہوئے ، ہمارا ایک ہی مقصد ہے تناول کو ضلع بنانے کی جدوجہد کرنا اور اسے ضلع بنوا کردم لینا،کیونکہ موسمی پرندے اور برساتی مینڈک صرف ایک موسم میں نظر آتے ہیں ہم اور ہمارے بچوں نے یہاں زندگیاں گزارنی ہیں۔
ریلی سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ساجد حسین تنولی اور ریلی کے دیگر منتظمین کاشکریہ ادا کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ علاقے کے عوام بیدار ہو چکے ہیں اب کسی کے سیاسی جھانسے میں آنے کی بجائے اپنے کاز کیلئے متحد رہیں گے اورتناول کے ضلع بننے تک جدوجہدجاری رہے گی۔
Comments are closed.