پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو15دسمبر کو ریورس گیئر لگے گا

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو15دسمبر کو ریورس گیئر لگے گا،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی اچھی خبر آئے گی۔

وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے 15 دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبر دی ہے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہوگئی ہے، تیل کی قیمت میں کمی کا اثر درآمدات اور قیمتوں پر ضرور پڑے گا۔

ترجمان نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہو کر72.91 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ اللہ پاکستان پر مہربان ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پندرہ دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے جس کے بعد یہ قیمت گزشتہ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے خا ص افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے بعد تبدیلی آئی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق جمعہ کومارکیٹ کھلتے ہی خام تیل کی قیمت میں دس فیصد کی بڑی کمی نوٹ کی گئی، قیمت میں یہ کمی اپریل 2020ء کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے جو کہ ڈیڑھ سال بعد ہوئی ہے۔

اس طرح صرف ایک ہی روز میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں ترین کمی ہوئی ہے جو دس فیصد تک ہے، تیل کی زائد پیداوار بھی اس کمی کی ایک اہم وجہ قرار دی گئی ہے۔

Comments are closed.