سوئی گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول سے قبل ہی بند اور پریشر کم ہونا شروع

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سوئی گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول سے قبل ہی بند اور پریشر کم ہونا شروع ہوگیا ہے حکومت کی طرف سے دسمبر میں گیس کی لوڈ مینجمنٹ کااعلان کیا گیاہے لیکن اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں ابھی سے گیس بند ہونے اور پریشر نہ ہونے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم اور سوئی ناردرن کمپنی نے موسم سرما میں گیس فراہمی کے حوالے سے نیا شیڈول تشکیل بنایا ہے جس کے تحت اب سوئی گیس چوبیس گھنٹوں کیلئے دستیاب نہیں ہوگی بلکہ صارفین کو صرف چند گھنٹے ہی گیس ملے۔

ذرائع کا کہنا ہے نیا شیڈول دسمبر سے فروری تک کیلئے مرتب کیا گیاہے جس کے تحت گھریلو صارفین کو صبح 5:30 بجے سے 8:30 تک گیس ملے گی، دوسرے پیریڈ میں دن 11:30 سے 2:00 دوپہر تک گیس ملے گی۔

اسی طرح شام 4 سے رات 10 بجے تک گیس آئے گی، بظاہر گیس فراہمی کے نئے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہونا ہے لیکن نومبر میں ہی اسلام آباد میں فراش ٹاون، علی پور، جی ٹین ، جی سیون،کھنہ پل سمیت متعدد علاقوں میں گیس پریشر کم ہو گیاہے۔

خاص کر کھانے کے تینوں کے اوقات کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں سوئی گیس بند ہو جاتی ہے اور صبح سکولوں اور دفاتر جانے والوں کیلئے سلنڈر کا استعمال نا گزیر ہو گیاہے جب کہ اکیلے رہنے والے مرد حضرات ریسٹورنٹس کارخ کرتے ہیں۔

دوسری طرف لاہور چیمبر آف کامرس کے صدرنعما ن کبیر نے گیس فراہمی شیڈول کو مسترد کر دیاہے ان کا کہنا ہے گیس فراہمی کا یہ شیڈول صارفین سے ظلم ہوگا، گیس فراہمی میں ناکامی کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ متبادل فیول ایل پی جی، کوئلہ اور تیل پہلے ہی مہنگے ہیں، گیس کی عدم فراہمی سے صنعتی پہیہ رک جائے گا۔ نعمان کبیر نے وزیر اعظم سے گیس فراہمی کی اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.