باجوڑ میں دھماکہ، تربت میں آپریشن،4سکیورٹی اہلکار شہیدہو گئے
فوٹو: ڈان نیوز
راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) باجوڑ میں دھماکہ، تربت میں آپریشن،4سکیورٹی اہلکار شہیدہو گئے،بلوچستان کے علاقے تربت کے نواحی علاقے ہوشاب میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 سپاہی شہید ہو ئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی علاقے میں موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا، سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کا گھیراؤ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق گھیراو کرتے ہی دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سپاہی رمضان اور صوابی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک لیاقت اقبال شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن،استحکام و ترقی کے درپے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں،
اس سے منسلک ایک اور واقعے میں دہشت گردوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ دھماکے میں سپاہی انعام اللہ بھی شہید ہو گئے ۔
دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں راغگان ڈیم کے نزدیک امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے نشانہ بننے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، پولیس اہلکار ڈیم کی سیکیورٹی پر تعینات تھے۔
صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب اہلکاروں کو آئی ای ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا،ڈی پی او کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک سپاہی اور ایک حوالدار شامل ہے۔
بعد ازاں دونوں پولیس اہلکاروں کی میتوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیاگیا اور بعد میں علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ایک اضافی چوکی بھی قائم کردی گئی۔
Comments are closed.