بھارتی وزیراعظم نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، حکومت لاعلم رہی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)بھارتی وزیراعظم نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، حکومت لاعلم رہی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایوی ایشن منسٹری نے غفلت برتی ہے ہمارا موقف لینا چایئے تھا وزارت خارجہ کا موقف بڑاواضح ہے۔

وزیر خارجہ سے پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا کہ30اکتوبر کو بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے طیارہ نے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی توشاہ محمود نے کہاکہ ایوی ایشن منسٹری نے غفلت برتی ہمارا موقف لینا چایئے تھا۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی پروازوں کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر وزارت خارجہ کا موقف بڑا واضح ہے، اگر وزارت خارجہ کا نقطہ نظر لیا جاتا تو ہمارا بڑا واضح موقف تھا، ہے اور رہے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جب ہمارے علم میں آیا تو ہم نے اس کا نوٹس لیا اور ہماری تجویز پر اب یہ معاملہ روک دیا گیا ہے،تاہم یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ایک ملکی سطح کی طے شدہ پالیسی کے باوجود حکومت لا علم کیسے رہی؟

دوسری طر ف جب اس معاملے پر سوالات اٹھے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نے بھارتی وزیراعظم کے طیارے کو فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی تھی۔

ترجمان کے مطابق بھارتی وزیراعظم کا جہاز بہاولپور کی فضائی حدود سے پاکستان ائیر سپیس میں داخل ہوا۔جو تربت اور پنجگور کی فضائی حدود سے گزر کر پاکستانی ائیر سپیس سے باہر نکل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بتایا گیا کہ جہاز نے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ نئی دلی سے ٹیک آف کیا تھا،اٹلی کے دورے کے بعد بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود کا ہی استعمال کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس سے دو روز قبل بھی سری نگر سے شارجہ جانے والا بھارتی طیارہ لاہور کی فضائی حدود سے گزرا تھا، سول ایوی ایشن نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی درخواست پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجاز ت دی گئی۔

Comments are closed.