بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ سمیت 5بل مشترکہ اجلاس میں پیش ہونگے
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ سمیت 5بل مشترکہ اجلاس میں پیش ہونگے وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت مختلف طرح کے پانچ بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبر کو صبح 11 بجے طلب کیاگیا ہے، جس میں کلبھوشن ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ووٹ سمیت انتخابی اصلاحات کا بل بھی پیش کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جانے والے بلز کی باضابطہ منظوری دی اور اس دوران کابینہ کو بلز سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
قانون سازی سے متعلق وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پانچ مختلف نوعیت کے بلز پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی ہے۔
بابر اعوان نے بتایا کہ مشترکہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانے کے لیے انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی پیش کیا جائے گا۔
کابینہ نے لبھوشن یادیو کے حوالے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے متلعق بل بھی اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دی ہے اور یہ بل بھی مشترکہ اجلاس میں پیش ہونا ہے۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اتحادی جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ کو ظہرانے پر مدعو کر رکھا ہے جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
یہ ظہرانہ بدھ وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا ہے جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان سے خطاب کریں گے اور ممکنہ طور پر سب سے کہا جائے گا کہ مجوزہ قانون سازی کے پیش نظر مشترکہ اجلاس میں مکمل حاضری یقینی بنائی جائے۔
Comments are closed.