پاکستان کیخلاف جان لڑانے والی افغان ٹیم انڈیا کے سامنے بھیگی بلی بن گئی
ابوظہبی (خان افسر تنولی)پاکستان کے ساتھ جان لڑا کر کھیلنے والی افغان ٹیم بھارت کے سامنے بھیگی بلی بن گئی66 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کھا کر افغان کھلاڑی ہنستے انجوائے کرتے گراونڈ سے باہر آگئے۔
افغان ٹیم ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021کے اہم میچ میں 211کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوور میں 7وکٹوں کے نقصان پر144رنز بنا سکی تاہم بھارت نے پے در پے شکستوں کے بعد 66رنز کی فتح حاصل کرکے رن ریٹ بھی بہتر بنا لیا۔
افغانستان کا آغاز ہی اچھا نہ تھا اور جارحانہ کھیل کیلئے مشہور محمد شہزاد صفر پر محمد شامی کی بال پر آوٹ ہو گئے،اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں حضرت اللہ زازئی کیچ دے بیٹھے۔
رحمٰن اللہ گرباز نے دو چھکوں کی مدد سے 19رنز بنائے تھے جب رویندرا جدیجا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 59 کے مجموعے پر گلبدین نائب بھی 18رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
نجیب اللہ زدران بھی صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور وہ بھی ایشون کی وکٹ بنے،کپتان محمد نبی 32بالز پر 35رنز بنا کر محمد شامی کی بال پر رویندرا جدیجہ کا کیچ بنے، اس کے بعد آنے والے راشد خان ایک ہی بال کھیل کر صفر پر آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، بھارت کے روہت شرما اور لوکیش راہل نے پاور پلے میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کرتے ہوئے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ناکام ہونے والے روہت شرما نے چھوٹی ٹیم کے خلاف اعتماد بحال کرتے ہوئے37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جبکہ لوکیش راہل نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی اسکور کی۔
بھارت کی اوپننگ شراکت 140 رنز پر ختم ہوئی جب روہت شرما کور میں کیچ دے بیٹھے انہوں نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 74رنز بنائے،لوکیش راہل نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے وہ گلبدین کی بال پر بولڈ ہوئے۔
بعد میں پانڈیا اور پنت نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور یوں بھارت نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے جو اب تک اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے،دونوں نے کھلاڑیوں نے 21 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔
پانڈیا نے 13 گیندوں پر 35 جبکہ پنت نے 13 گیندوں پر 27 رنز بنائے،راشد خان نے بغیر وکٹ حاصل کئے چار اوورز میں36رنز دیئے ،روہت شرما کو بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، شرف الدین اشرف، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، حامد حسن۔
بھارت: ویرات کوہلی(کپتان)،روہت شرما، لوکیش راہل، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شردُل ٹھاکر، روی چندرن ایشون، محمد شامی، جسپریت بمراہ ۔
Comments are closed.