ن لیگ جہاں کھڑی ہے اس کی وجہ مریم نوازہیں، شیخ رشید احمد
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ شہباز شریف معاملات سنھبالنے کی جو کوشش بھی کرتے ہیں، مریم نواز اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں، فوج پر الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ مریم نواز کا فوج کے خلاف بات کر ناستم ظریفی ہے، یہ وہ فوج ہے جس نے جانوں کی قربانی دی ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں کیونکہ فوج جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ انہیں جلد یا بدیر اس کا جواب دینا ہوگا، اور آج مسلم لیگ ن والے جہاں کھڑے ہیں اس کی وجہ بھی مریم ہیں، جرنیلز کے تقرر اور تبادلے معمول کا کام ہیں لیکن ہم ریاستی اداروں کو نشانہ بنائیں تو یہ غیر ذمہ داری کی انتہا ہے، یہ کس کی خدمت کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ فوج کی قومی ذمہ داری ہے، فوج آفات میں کام کرتی ہے ساری دنیا میں ایسا ہی ہوتا ہے، برطانیہ میں بھی پیٹرول سپلائی کے لیے ڈرائیور نہ ہونے پر فوج کو بلایا گیا تھا۔
وزیر داخلہ نے نواز شریف کے مفاہمت کے ارادے سے متعلق سوال پر کہا کہ ان کا وقت گزر کیا اور وہ ٹرین چھوڑ چکے ہیں اور ایکسپریس ٹرین مسافروں کا انتظار نہیں کرتی، شہبار شریف جو کوشش کرتے ہیں، مریم اس پر جھاڑو پھیر دیتی ہیں۔
شیخ رشید نے مریم نواز کی عدالت پیشی سے متعلق کہا کہ ہم سب آپ لوگوں کے سامنے اپنا چورن بیچ رہے ہیں’ میڈیا کو چاہیے کہ ان سے کوریج کے پیسے لے کیونکہ یہ سب منصوبے کے تحت کرتے ہیں اور یہ کیا اپوزیشن کر رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں اس کے ساتھ آیا ہوں اس کے ساتھ جاؤں گا ، میں جب الیکشن کی بات کروں تو دو سال بعدمیں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی موجودہ صورتحال کو الیکشن کے لیے نئی الائنمنٹ دیکھ رہا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے اتنا اچھا کام کیا ہے دنیا تسلیم کر رہی ہے اور اگر آپ ہماری ویکسین کو مشکوک کر رہے ہیں تو آپ دشمن کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں، ویکسینیشن کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا ہماری خواہش ہے کہ نہ ہماری سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال ہو نہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو، وہ لوگ جو مختلف کیسز میں مطلوب ہیں اور دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں ان کے لیے الگ پیمانہ ہے۔
Comments are closed.