ایل این جی مہنگی خریداری کا نزلہ عوام پہ آگرا، سی این جی بھی مہنگی

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ایل این جی کی مہنگی خریداری کا نزلہ بھی عوام پر آگرا، سی این جی قیمتوں میں اضافہ کے بعدنئے نرخ نافذ کردیئے گئے، پنجاب میں 8روپے اور سندھ میں15روپے فی کلو سی این جی مہنگی کردی گئی۔

سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے نوٹی فکیشن کے نئے نرخ گزشتہ روز سے نافذ کیے گئے ہیں اور دنوں صوبوں میں سی این جی کی قیمت میں اچانک بڑا اضا فہ کردیا گیاہے۔

سی این جی کی قیمت میں اضافہ اور نئی قیمتوں کے حوالے سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایل این جی کارگو کی موقع پر خریداری کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بہت زیادہ نرخوں پر خریدی۔

غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ تاہم اس سودے کی اچھی بات یہ ہے کہ قیمت اگلے مہینے سے کم ہونا شروع ہو جائے گی کیونکہ حکومت طویل المدتی 10 سالہ معاہدے کے تحت ہر ماہ قطر سے دو ایل این جی کارگو لے گی۔

انھوں نے بتایا کہ صرف ایل این جی کی مہنگی خریداری وجہ نہیں ہے بلکہ سی این جی کی قیمت میں اضافہ میں عام سیلز ٹیکس (ایل این جی درآمد پر) میں 5 سے 17 فیصد اضافہ، ایل این جی کی درآمد پر 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی کا نفاذ اور ڈالر کے تبادلے کی شرح شامل ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈرغیاث پراچہ کے مطابق یہ دیگر عوامل بھی کار فرما ہیں جن کی وجہ سے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کچھ عوامل تو ہر ماہ نظر ثانی کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک حالیہ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کی قیادت میں وزیر خزانہ پر زور دیا تھا کہ وہ سی این جی سیکٹر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے کیس کو اچھی طرح واضح کیا کہ درآمدی بل پر 82 ارب روپے کا اثر پڑے گا اگر ہم نجی معاہدے کے تحت کم از کم 50 ملین کیوبک فٹ یومیہ ایل این جی درآمد کریں گے۔

غیاث پراچہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ہماری وضاحت سے مطمئن تھے اور متعلقہ محکموں کو اس مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
غیاث پراچہ کا موقف ہے کہ اگر حکومت سی این جی کی قیمتوں کو کم کرنا چاہتی ہے تو اسے ایل این جی کی درآمد کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے پیٹرول اور ایل پی جی کی طرح ایل این جی کی درآمدات پر سیلز ٹیکس میں چھوٹ دینے کا بھی مطالبہ کیا انھوں نے واضح کیا کہ ایسا کرنے سے سستے نرخوں پر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

Comments are closed.