ویکسین نہ لگانے والوں پر حکومت کا5پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) حکومت نے 30ستمبر تک ویکسی نیشن نہ لگانے والوں کیلئے پانچ طرح کی مختلف پابندیوں کااعلان کردیاہے اسد عمر کا کہنا ہے کہ 30ستمبر کے بعد ان افراد کو چھوٹ نہیں ملے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جو لوگ مقررہ تاریخ تک مکمل ویکسینیٹڈ نہ ہوئے وہ 5بڑی چیزیں نہیں کرسکیں گے جن میں سرفہرست تعلیمی اداروں سے منسلک لوگوں پرکام کی پابندی ہوگی۔
اسی طرح ہوائی سفرکی اجازت نہیں دی جائے گی، شاپنگ سینٹرز میں داخلہ منع ، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤس میں بکنگ پر پابندی ہوگی جبکہ ریسٹورنٹس ، شادی تقریبات میں جانے پر پابندی ہوگی.
سد عمر نے کورونا صورتحال میں بہتری پر ملک کے 18اضلاع میں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سے نئی پابندیوں کااعلان کیا۔
انھوں نے کہا کورونا کی چوتھی لہر میں اسپتالوں میں مریضوں میں اضافہ ہوا، ہم نے 24اضلاع کے مزید بندشیں لگائی تھیں، ان 24اضلاع میں وبا کی شرح زیادہ اوراسپتالوں پر دباؤ تھا، اب 24میں سے 18اضلاع میں بہتری نظرآرہی ہیں۔
اسد عمر نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 میں سے اب صرف 6اضلاع میں وبا کے پیش نظر بندشیں22ستمبر تک برقراررہیں گی، 6اضلاع میں لاہور،فیصل آباد، ملتان، سرگودھا،گجرات ، بنوں شامل ہیں۔
این سی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 18اضلاع میں 50 فیصد ٹرانسپورٹ اور اسکولز کھولنے سمیت آؤٹ ڈورریسٹورنٹس میں12بجے تک اجازت ہوگی تاہم انڈورڈائننگ بند رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے اسپتالوں میں آکسیجن میں فراہمی میں کمی نہ آئے ، ملک کے باقی حصوں میں جو پابندیاں ہیں انھیں30ستمبر تک توسیع دی ہے، ملک میں وبا میں کمی آرہی ہے،چوتھی لہر نیچے آرہی ہے، آئندہ 15دنوں میں وبامیں مزید کمی کی توقع ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں کوروناکی ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے، بڑے شہروں میں تقریباً40فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن کاہدف پوراکرناہے، جب بھی کورونا کی لہر آتی ہے تو اسپتالوں پر دباؤ نظرآتاہے۔
انھوں نے واضح کیا کہ ہم کاروبار کی بندشوں کی طرف نہیں جائیں گے، جو شخص ویکسین نہیں لگائے گا اس پر بندش کی طرف جائیں گے، ویکسین نہ لگانیوالوں کیلئے بندشیں آہستہ آہستہ بڑھاتے جائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ کینسائنواورپاک ویک سنگل ڈوزویکسین ہے ، اسلام آبادمیں 15سال سے اوپرآبادی کا52فیصدمکمل ویکسی نیٹڈہوچکا، جن افرادکوپہلی ڈوز لگائے 28 دن سے زائد ہوگئے وہ فوری دوسری ڈوزلگوائیں۔
Comments are closed.