پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا تازہ ڈوزیئر جاری کردیا

فوٹو: اے ایف پی فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی تازہ ڈوزیئر جاری کردیاہے جس میں بھارتی افواج کے کشمیریوں کے ساتھ سلوک کو دکھایا گیاہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق محترمہ شیریں مزاری اور مشیر قومی سلامتی کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ ڈوزیئر میڈیا کے سامنے پیش کیا

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جرائم پر مبنی یہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے جس میں جعلی مقابلوں، خواتین کی آبرو ریزی، زیادتی، گمنام قبروں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے عالمی برادری کے سامنے حقائق رکھنااپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں وزیراعظم عمران خان نے خود کو کشمیریوں کا وکیل کہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے 3 ابواب پر مشتمل ڈوزیئر میں بھارتی جنگی جرائم کا بھی تذکرہ کیا جس میں 113 حوالے دیے گئے ہیں جن میں سے 26 حوالے انٹرنیشنل میڈیا کی جائزہ رپورٹس ہیں۔

ان41 حوالوں میں بھارتی میڈیا اور تھنک ٹینکس کی رپورٹس کا ذکرہے جبکہ 32 حوالے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس تنظیموں کے ہیں، اس کے علاوہ ڈوزیئر میں 14 حوالے پاکستان نے دیے ہیں۔

وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اس بات پر تشویش کااظہار کیاکہ مسلم علاقے کو اقلیت بنایا جا رہا ہے، بھارت کے 9 لاکھ فوجی مقبوضہ کشمیر پر مسلط ہیں، آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کئے جاتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے جوڑنے کے بھارتی ڈیزائن کی تفصیلات بھی ڈوزیئر میں شامل ہے، ڈوزیئر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو پھنسانے کے لیے ان کے گھروں میں اسلحہ رکھا جاتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی مقبوضہ میں کوئی نئی بات نہیں، جب سے ہندوتوا حکومت انڈیا میں آئی ہے ان پامالیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، آج انڈین فوجی محاصرے کو 769 دن گزر چکے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہم نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت سرکار کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی اسی لئے نہیں دی جاتی تاکہ وہ حقائق سے بے خبر رہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پہلے چیپٹر میں جنگی جرائم کا تذکرہ ہے، دوسرے چیپٹر میں فالس فلیگ آپریشنز کا ذکر جبکہ تیسرے باب میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انڈیا کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کا ذکر ہے۔

تازہ ڈوزیئر میں3232 کیسز جنگی جرائم سے متعلق ہیں اور1128 ان افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں میجرجنرل، بریگیڈیئر و دیگر سینیئر افسران کا تذکرہ ہے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث ہیں یا رہے ہیں۔

Comments are closed.