نوازشریف غلط بیان حلفی اور اثاثے چھپانےپر نااہل ہوئے، سپریم کورٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نےاثاثے چھپانے پر رکن اسمبلی کی نا اہلی کیخلاف فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی میں تفصیلات چھپانے نے سسٹم اور لوگوں کو کرپٹ بنایا۔ نواز شریف اثاثے چھپانے، غلط بیان حلفی پر نا اہل ہوئے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق کاغذات نامزدگی میں امیدواروں کو کوئی بھی رعایت تباہ کن ہو گی، امیدواروں کو پہلے ہی بہت رعایت مل چکی ہے، امیدواروں کو کاغذات نامزدگی میں رعایتی نمبروں سے پاس کرنے کے اچھے نتائج نہیں نکلے۔
سپریم کورٹ کےفیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتہاء کو چھوتی صورتحال کے لیے انتہائی اقدامات کرنا ہوں گے، فیصلے میں نوازشریف نا اہلی کیس کا بھی حوالہ دیا گیا، نوازشریف نے 2013ء کاغذات نامزدگی میں کیپیٹل ایف زیڈ ای سے قابل وصول اثاثے چھپائے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اثاثے چھپانے اور غلط بیان حلفی پر نوازشریف نااہل ہوئے، عوامی نمائندگی ایکٹ اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت صادق و آمین نہیں تھے، عوامی عہدیدارکا جان بوجھ کراثاثے چھپانا اورغلط بیان حلفی دینا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
فیصلے کے مطابق عوامی عہدہ رکھنے والوں نے لوگوں کی قسمت کے فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ حقائق بتانا ایک امتحان بھی ہے اور فرض بھی، یہ فرض بغیر کسی غلط بیانی اور داغ کے پورا کیا جانا چاہیے۔
سپریم کورٹ کے مطابق یہ امتحان غیر منصفانہ سہاروں کے بغیر پورا کیا جانا چاہیے۔ جی ڈی اے کے رکن اسمبلی معظم علی خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اور زیر کفالت افراد کے اثاثے چھپائے، معظم علی نے غلط بیان حلفی جمع کرایا جو بڑا جرم ہے۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ معظم علی خان کی طرف سے اثاثے چھپانے کی وجوہات قابل قبول نہیں، ان کی نااہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا۔
Comments are closed.