سینئر صحافی شمشادمانگٹ کی تہلکہ خیز کتاب امریکی سازشیں کی تقریب

فرحان یونس

اسلام آباد: نامور،بے باک،نڈراور تحقیقی صحافت کے ماہر سینئر صحافی شمشادمانگٹ کی تہلکہ خیز کتاب امریکی سازشیں کی تقریب،شریک مہمانوں نے شمشادمانگٹ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آن لائن نیوز ایجنسی وجناح کے ایڈیٹراور تحقیقی صحافت میں شہرت رکھنے والے صحافی شمشادمانگٹ کی کتاب امریکی سازشیں کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا،جس میں نامور صحافی خوشنودعلی خان،اخبارات فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان،پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ،فوزیہ شاید،ودودقریشی اور دیگر مہمانوں سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اخبارات فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان نے کہا کہ کتاب کی ترتیب اور لفظوں کا چنائوبہت اچھا ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ کتاب پر بہت محنت کی گئی ہے،یقیناًیہ معمولی کتاب نہیں ہے بلکہ بہت بڑی کتاب ہے۔

پی ایف یو جے کے صدرافضل بٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں نے کتاب کا مطالعہ ابھی نہیں کیا مگر موضوع خود بتا رہا کہ کتاب کے اندر کیا ہے،افضل بٹ نے کہا کہ جن لوگوں کو آگے بڑھنے کی جستجو ہوتی ہےاور وہ کامیاب بھی ہوتے ہیں کوئی شک نہیں کہ شمشادمانگٹ کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں کیا جاتا ہے.

انھوں نے کہا کہ شمشاد مانگٹ ایسا صحافی ہے جسکی سٹوریزعدالتوں میں بھی ریفرنس کے طور پر استعمال ہوتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ شمشادمانگٹ نے یوٹیوب چینلز پر بھی تحقیقی صحافت کا سفر ہی جاری رکھا ہوا ہے۔

نامورصحافی خوشنود علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کو دیکھ کر ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے شمشادمانگٹ پینٹاگون میں رازوں کی ٹوکریوں پر بیھٹے تھے اور آتے وقت ساتھ اٹھا کرلے آئے،کوئی دورائے نہیں کہ شمشاد مانگٹ ایک بہادر اور نڈرصحافی ہے،ہمیشہ سچ لکھتا ہے،میں اتنی اچھی کتاب کی اشاعت پر شمشادمانگٹ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

تقریب سے دیگر مہمانوں نے بھی خطاب کیا اور شمشادمانگٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سازشیں ایسی کتاب ہے جو پڑھنے کے لائق ہے کیونکہ اس میں شامل تحقیقی مواد کے حصول میں کتنی محنت کی گئی یہ کتاب خود بتا رہی ہے۔

آخر میں شمشاد مانگٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو امریکہ کا اصل چہرہ دکھایا جائے،انھیں بتایا جائے کہ امریکہ کیسے سازشیں کرتا رہااور ابھی تک کررہا،کیسے طاقتورہوا،میں سمجھتا ہوں یہ کتاب تاریخ اور بین الاقوامی سیاست میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کیلئے ابھی انتہائی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے.

شمشاد مانگٹ نے کہا کہ آپ کتاب کا مطالعہ کریں گے تو آپکو معلوم ہوگا کہ ترقی کے میدان میں چین بھی ابھی امریکہ سے کتنا دورہے،ڈالر کے علاوہ اسکی فوجی طاقت کتنی ہے یہ بھی معلوم ہوجائے گا۔

شمشادمانگٹ کا کہنا تھا کہ کتاب کا انتساب میں نے امریکی عوام کے نام کیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ خود امریکی عوام کو نہیں معلوم کہ انکے بڑے دوسرے ممالک میں جاکر کیا کیا وارداتیں کررہے ہیں،مجھے پوری امید ہے کہ قارئین کو یہ کتاب بہت پسند آئے گی۔

Comments are closed.