پروں کے اعتبار سے سب سے بڑے طیارے کی کامیاب پرواز
کیلی فورنیا(نیٹ نیوز) وسیع ترین پروں کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے جہاز نے اپنی پہلی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی۔
سافٹ وئیر کمپنی مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن کی 2011 میں قائم کی گئی اسٹراٹو لانچ نامی کمپنی کے تیار کردہ جہاز نے ریاست کیلیفورنیا کے صحرا میں لانچنگ پیڈ پر کامیابی سے لینڈنگ کی۔
عجیب و غریب طیارے نے کیلیفورنیا کے موجیو صحرا پر ڈھائی گھنٹے تک پرواز کی اور 189 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کیا، دیکھنے والے کو ایسا لگتاہے یہ ایک نہیں دو جہاز جڑے ہوئے ہیں۔
دیوقامت جہاز میں دو فیول ٹینک، چھ 747 جیٹ انجن، 28 ٹائر ہیں اور جہاز کے پروں کے دونوں سروں کے درمیان 385 فیٹ کا فاصلہ ہے جو فٹبال گراوٴنڈ کے رقبے سے زیادہ ہے۔
جہاز کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس سے سیٹلائٹس کے لیے لانچنگ پیڈ کا کام لیا جائے گا اور اس کے ذریعے سیٹلائٹ کو خلا میں روانہ کیا جائے گا۔