اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکا ،ایک پولیس اہلکار شہید، مبینہ حملہ آور ہلاک
فائل:فوٹو
وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی 10 میں بیرونی روڈ پر گاڑی میں دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ 3اہلکار زخمی ہوئے ۔ پولیس نے مبینہ حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے ایک ٹیکسی کو روکا اور تلاشی کی تو دھماکا ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہل کار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 3اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے دھماکے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
جاں بحق اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں اہل کار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال شامل ہیں۔ دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود شخص بھی ہلاک ہوگیا۔ گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئے جب کہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
ادھر ڈائریکٹر پمز خالد محسود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہنگامی صورت حال میں زخمیوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب تک 10 زخمی ہمارے پاس لائے گئے ہیں جب کہ 2 افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں، جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری کی لاش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹمارٹم کا عمل بعد میں دیکھیں گے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جڑواں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکا بندی کرکے حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات کو سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق بروقت کارروائی سے شہر دہشت گردی کے بڑے حملے سے محفوظ رہ گیا۔ شہدا اور زخمی جوانوں کو قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد کچھ عرصے سے پولیس کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے کو شکست دے سکیں۔ دہشت گرد پولیس اور عوام پر حملہ کرنے کی غرض سے گنجان آباد علاقے میں دھماکا کرنا چاہتے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف،وزیرداخلہ راناثناء اللہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا۔قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
Comments are closed.