عمران خان آج صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی حتمی تاریخ دینے کااعلان کریں گے

فائل:فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان آج صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی حتمی تاریخ دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کا آج لبرٹی چوک میں عوامی اجتماع شیڈول ہے جس سے عمران خان خطاب میں بے بس اسمبلیوں کی بجائے پاکستان کے عوام پر اعتماد کا اظہار کریں گے.

گزشتہ روز سینئر صحافیوں وتجزیہ کاروں سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ اسمبلیاں تحلیل نہیں ہونگی وہ آج میری تقریر کا انتظار کریں، اسمبلی تحلیل کے فیصلے پر چوہدری پرویز الہیٰ کی تائید بھی حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے معاشی تباہی سے بچنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں، دسمبر کے مہینے میں ہی اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی، چودھری پرویز الہی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہوں، موجودہ حکومت نے گیارہ سو ارب روپے کا دوسرا این آر او لیا، پاکستان کے تمام چور اکٹھے ہوچکے ہیں، ملک کو بچانے کے لیے انتخابات کے علاوٴہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں اور اْن کے پاس وزیراعظم سے زیادہ اختیارات ہیں، پرویز الہیٰ چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں کچھ دیر اور چلیں مگر چوہدری صاحب وہ کریں گے جس کا ہم انہیں کہیں گے۔

ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ میں کوئی اختلاف نہیں ہم جو فیصلہ کریں گے ق لیگ ہمارے ساتھ ہوگی مسلم لیگ ق مستقبل میں بھی ہماری اتحادی رہے گی خواہش ہے کہ آئندہ حکومت مضبوط ہو اتحادی حکومت مسائل کا حل نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں، اربوں روپے لوٹ کر کھانے والوں سے مذکرات نہیں ہونگے البتہ انتخابی تاریخ دیں تو پھر بات چیت ضرور ہوسکتی ہے، میری جنگ قانون کی عملداری کیلئے ہے۔

عمران خان کاکہناتھا کہ آئین پر عمل کیے بغیر ملک کا کوئی ادارہ ٹھیک نہیں ہوسکتا، میری کسی سے ذاتی جنگ نہیں، صرف پاکستان اور عوام کی بات کرتا ہوں۔ جلد الیکشن ناگزیر،سیاسی استحکام آتے ہی ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر کریں گے۔

Comments are closed.