ایلون مسک نے نامور صحافیوں کے ٹوئٹر اکاوٴنٹس معطل کر دیئے

فائل:فوٹو

نیویارک:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے نامور غیر ملکی خبر رساں اداروں کے صحافیوں کے ٹوئٹر اکاوٴنٹس معطل کر دیئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق خبر رساں ادارے سی این این، نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے کئی صحافیوں کے ٹوئٹر اکاوٴنٹس معطل کر دیئے گئے۔

ان صحافیوں کے ٹوئٹر اکاوٴنٹس کو ایلون مسک کی لوکیشن کے حوالے سے معلومات شائع کرنے کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے۔

ایلون مسک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں صحافیوں کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’صحافیوں پر وہی قوانین لاگو ہوتے ہیں جو دیگر لوگوں پر لاگو ہوتے ہیں، دن بھر مجھ پر تنقید کرنا بالکل ٹھیک ہے، لیکن میری ریئل ٹائم لوکیشن کو ڈوکس کرنا اور میرے خاندان کو خطرے میں ڈالنا ہرگز ٹھیک نہیں ہے‘۔

یاد رہے کہ ذاتی معلومات کے اشتراک پر پابندی لگانے والے ٹوئٹر کے قواعد کا حوالہ ڈوکس یا ڈوکسنگ کہلاتا ہے۔

خیال رہے کہ نیویارک ٹائمز نے ٹوئٹر کی پابندیوں کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام صحافیوں کے اکاوٴنٹس جلد بحال کر دیئے جائیں گے۔اس سے قبل ایلون مسک کے پرائیویٹ جہاز کو آن لائن ٹریک کرنے والا ایک ٹوئٹر اکاوٴنٹ بھی معطل کیا گیا تھا۔

Comments are closed.