صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان کے لئے روانہ
فائل:فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کینیا میں قتل ہونے والے صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی کینیا کے صدر سے گفتگو کے نتیجے میں قانونی امور کو تیزی سے مکمل کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد مرحوم ارشد شریف کی میت کو اسلام آباد روانہ کردیا گیا ہے۔ کینیا میں پاکستان کی سفیر سیدہ ثقلین نے کئی گھنٹے تک مسلسل تمام مراحل کی نگرانی کی۔ وہ ارشد شریف کے جسد خاکی کو پاکستان روانہ کرنے تک ائیرپورٹ پر موجود رہیں۔
دوسری جانب کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے بتایا تھا کہ صحافی ارشد شریف کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے تحت ارشد شریف کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی۔
ادھر سینئر صحافی ارشد شریف کی میت نیروبی سے دوحہ پہنچا دی گئی ہے، دوحہ سے اسلام آباد کے لیے پرواز رات 7 بج کر 35 منٹ پر اڑان بھرے گی۔ارشد شریف کی میت رات ایک بجکر 5 منٹ پر اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچا دی جائے گی۔
مرحوم کی بیوہ جویریہ صدیق کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔انہوں نے کینیا کی حکومت سے درخواست کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
یاد رہے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا کے دارلحکومت نیروبی میں گولی مار کر قتل کردیا گیاتھا۔
Comments are closed.