مریم نواز کا پاسپورٹ لاہور ہائیکورٹ نے واپس کرنے کا حکم دے دیا

لاہور : مریم نواز کا پاسپورٹ لاہور ہائیکورٹ نے واپس کرنے کا حکم دے دیا، نیب نے پاسپورٹ واپسی کرنے سے متعلق اپنا اعتراض واپس لے لیا جس پر عدالت نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظورکرلی.

لیگی رہنما کا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست کی لاہورہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی تاہم اس دوران نیب کی طرف سے بیان نے رکاوٹ ختم کردی.

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی اور ضمانت منظوری کے فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت کو مطمئن کرنے کےلیے پاسپورٹ جمع کرایا جائے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ پاسپورٹ واپسی کے لیے کیا ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دینا ہو گا یا ترمیم کرنی ہوگی۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کیس میں لمبی تاخیر کرنا قانون کے غلط استعمال کے مترادف ہے اور لمبی تاخیر پر تو عدالتیں کیسز ہی خارج کر دیتی ہیں۔

امجد پرویز کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے میرٹ پر سزا معطل ہوئی اور اب وہ بری ہوگئی ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔

جب چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کا اس معاملے پر کیا موقف ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہمیں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے بھی عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کے خلاف اس وقت کوئی انکوائری نہیں ہورہی ہے اور نیے قانون کے تحت یہ کیس ریویو کے لیے بھیجا گیا ہے،ہمیں مریم نواز یا ان کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

Comments are closed.