رواں سال شہرقائدمیں ڈینگی سے 32 افرادجاں بحق،اسلام آباد،راولپنڈی میں بھی ڈینگی پھیلنے لگا
فائل:فوٹو
کراچی /اسلام آباد: رواں سال ڈینگی سے شہر قائد میں میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی جبکہ اسلام آباداورراولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 180 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔
محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں رواں ماہ ڈینگی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 318 ہوگئی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد پانی اور پھلوں کے مشروبات کا استعمال رکھیں جبکہ پپیتے کے پتوں کا عرق بھی استعمال کریں۔
دوسری جانب جڑواں شہروں اسلام آباد اورراولپنڈی میں بھی ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہاہے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 180 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 104 نئے کیسز سامنے آگئے۔ڈی ایچ او کے مطابق شہری علاقوں میں 56 کیسز اور دیہی علاقوں میں 48 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 1923 ہوگئی۔
ڈی ایچ او کاکہناہے کہ دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی تعداد 1150 ہوگئی، شہری علاقوں میں ڈینگی کیسز کی تعداد 773 ہے، اب تک ڈینگی سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، پمز اسپتال میں ڈینگی کیسز کی تعداد 292 ہے، پولی کلینک میں 80 اور کیپٹل ہسپتال میں 40 مریض زیر علاج ہیں۔
ادھر راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے حملے اور ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 76 پازٹیو مریض سامنے آگئے جن کی محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے۔
ہسپتال ذرائع کاکہناہے کہ تین اسپتالوں کے 404 بیڈز پر 228 مریض داخل ہیں، بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال میں 101 مریض موجود ہیں، ہولی فیملی میں 67، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 60 مریض داخل ہیں۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق رواں سیزن میں اب تک ڈینگی مریض 1766 ہوچکے ہیں، کینٹ کے علاقوں میں ڈینگی کی شدت برقرار ہے، اکثریت مریضوں کا تعلق دھاماں سیداں، چک جلال دین سے ہے،اب تک ڈینگی سے دو مریض کی اموات ہوچکی ہیں۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فوگنگ اسپرے اور لاروا سرویلنس کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.