خاتون جج کو دھمکی کیس،عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی سماعت سے متعلق سرکلر جاری

فائل:فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی سماعت کے سلسلے میں سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔

عمران خان کی توہین عدالت کیس میں کل عدالت میں پیشی سے متعلق رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری کردیا۔

سرکلر کے مطابق لارجر بینچ کل 22 ستمبر کو دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا۔

سرکلر میں کہاگیاہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے۔ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لا افسران کے علاوہ 3 عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔ 15 کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی۔ کمرہ عدالت میں آنے والوں کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا۔

سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی انتظامات کرے۔

یادرہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Comments are closed.