شہبازشریف کے گھر نیب کا چھاپہ، پنجاب حکومت کا اظہار لاتعلقی
لاہور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کا لاہور میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ ،کچھ تلاش کرتے رہے۔
اس حوالے سےترجمان مسلم لیگ (ن) پنجاب ملک احمد خان کا کہنا ہے نیب کی ٹیم نے شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ پر بغیر وارنٹ چھاپہ مارا تو اس وقت شہباز شریف اور حمزہ شہباز گھر میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی 7 سے 8 رکنی ٹیم نے شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھان بین کی اور نیب ٹیم اب بھی وہاں موجود ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ پر چھاپے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔
ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نےنجی ٹی وی جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب اتنی بے بسی کا شکار ہے کہ موجودہ حکومت اسے استعمال کر رہی ہے، الزامات وہی ہیں جو گزشتہ دو برسوں سے لگائے جارہے ہیں لیکن ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کو شکست ہورہی ہے کیونکہ ان کے پاس ایک روپے کی کرپشن ثابت کرنے کا ثبوت نہیں اور جب کچھ ثابت نہیں ہوتا تو آمدن سے زیادہ اثاثے ہونے کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔
ترجمان (ن) لیگ نے سوال کیا کہ بغیر کسی وارنٹ کے گھر میں گھسنا کونسا قانون ہے، اگر تحقیقات کرنی ہے تو کوئی قانونی کارروائی کریں نیب ڈاکے نا مارے، کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز دہشت گرد ہیں؟۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کا کہنا ہے کہ نیب کرپشن کے خلاف کارروائی کر رہا ہے، نیب آزاد ادارہ ہے اور وہ خود کارروائیاں کررہا ہے، چھاپے سے حکومت پنجاب کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف احتساب ہورہا ہے اور کئی لوگ پکڑے گئے ہیں، مزید بھی پکڑے جائیں گے، ہوسکتا ہے آنے والے دنوں میں ہماری جماعت اور دیگر جماعتوں کے لوگ بھی پکڑے جائیں۔