ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا، وزیراعظم

فوٹو:سکرین گریب

سجاول: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سجاول میں سیلاب سے متاثر علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس سے بڑی ملک کے ساتھ کوئی سازش نہیں ہوسکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پورے ملک کے سیلاب زدگان کے لئے 38 ارب روپے فراہم کرے گی۔ ہر خاندان کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ امدادی کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش ہے کہ متاثرین کی بروقت مدد کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے۔ سندھ میں چاروں طرف پانی پھیلا ہوا ہے کوئی جگہ خشک نہیں۔ باقی صوبوں کو بھی یہ امداد دی جائے گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ شمالی علاقوں میں بھی سیلاب اوربارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ہمیں نوشہرہ کے حوالے سے الرٹ رہنا ہوگا۔ سوات اور کالام میں سیلابی ریلے سے ہوٹل، گھر، عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کے لئے ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے امداد فراہم کررہے ہیں۔ ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔ این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کریں گے۔

Comments are closed.