کورکمانڈرز کانفرنس ،سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھنے کے عزم کااظہار

فائل :فوٹو

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی تکالیف کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو ملک میں سیلابی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں اور بیرونی و داخلی سلامتی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت سمیت پختونخوا اور بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا ء نے ملک میں سیلابی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیواینڈ ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور غیرمعمولی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ریلیف فراہمی کے لئے ہر متاثرہ فرد تک پہنچاجائے ۔

Comments are closed.