ٹانک ، پولیو ٹیم پر مسلح افراد کا حملہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق
پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح افراد کے حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل پیر رحمان اور نثار شامل ہیں، جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیو ٹیمیں کوٹ اعظم میں بیماری سے بچاوٴ کے قطرے پلانے میں مصروف تھیں کہ مسلح افراد نے حملہ کردیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ جبکہ شواہد اکٹھے کرکے عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
یادرہے کہ کراچی، حیدرآباد اور جنوبی خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان اور ٹانک میں قومی انسداد پولیو مہم کا گزشتہ روز آغاز ہو گیا۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے مطابق 22 سے 26 اگست تک ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کی مہم شروع کی جائے گی۔
کراچی، حیدر آباد اور خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں پولیو مہم 24 اگست تک جاری رہے گی جبکہ بلوچستان میں پولیو مہم 29 اگست سے 4 ستمبر تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ رواں برس پاکستان میں اب تک پولیو کے 14 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.