ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں فیصلے عوام کریں،اسد عمر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں فیصلے عوام کریں، ہماری تحریک فیصلہ کن مرحلے میں ہے، عمران خان آج آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کہا کہ وفاقی حکومت آخری ہچکولے کھارہی ہے، آج لاہور میں تاریخ ساز جلسہ ہوگا، سازشیں بے نقاب ہوں گی، قوم آج رات عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کا جشن منائے گی،

سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان یا دنیا میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہوں تمام لوگ اس کا حصہ بنیں، مینار پاکستان میں عمران خان بڑے بڑے جلسے کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آج کی تقریب شایان شان ہو گی، پاکستان کی آزادی کے لیے لاکھوں خاندان یہاں آ رہے تھے اور پاکستان کی آزادی کے لیے لاکھوں جانیں قربان ہوئیں۔

اسد عمر نے کہا کہ نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے حقیقی آزادی کا پاکستان دیکھنا ہے اور ملک کے ہر حصے میں لوگ دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستان متحد ہے جبکہ عوام اور فوج کے بہادر سپوت ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم اپنی حقیقی آزادی کے لیے کھڑی ہے اور آج رات 12 بجے قوم کپتان کے ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر 75 ویں سالگرہ کا استقبال کرے گی۔

Comments are closed.