عمران خان سے پارٹی کے قیام سے اب تک کی فنڈنگ، وممبرشپ فیس کاریکارڈ طلب

فوٹو: فائل

اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں عمران خان سے پارٹی کے قیام سے اب تک کی فنڈنگ، وممبرشپ فیس کاریکارڈ طلب کر لیا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق یہ نوٹس ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی ایف آئی اے انکوائری ٹیم کی جانب سے یہ خط لکھا گیا ہے جس میں چیرمین پی ٹی آئی سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات و اسٹیٹ مینٹس بھی طلب کئے گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے عمران خان سے کہاہے کہ وہ مختلف اکاؤنٹس سے نکلوائی گئی رقوم کا ریکارڈ جمع کرائیں، یہ ریکارڈ 1996سے تاحال تک کا ہو جس میں مانگی گئی تمام تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کو ملنے والے فنڈز اور اکاؤنٹس کاریکارڈ فراہم کیا جائے،پی ٹی آئی کے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں،پارٹی کے قیام سے اب تک پارٹی فنڈ کی مد میں جمع ہونے والی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ بھی مانگا ہے۔

ادارے کی جانب سے پی ٹی آئی سے تمام ملکی اور غیر ملکی ڈونرز کے نام بھی طلب کیے گئے ہیں، جب کہ پارٹی اور متعلقہ کمپنیوں اور ٹرسٹیز کے اثاثوں اور واجبات کے سال وار سالانہ گوشوارے

پارٹی کے قیام سے لیکر اب تک ہر سال کی الگ الگ پارٹی اور متعلقہ کمپنیوں اور ٹرسٹیز کے اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں کی تفصیلات بھی ادارے کو فراہم کی جائیں،پارٹی کے فاننشل معاملات کو آڈٹ کرنے والے آڈیٹرز اور آڈٹ فرمز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

پی ٹی آئی کو ملنے والی کیش ڈونیشن کے وہ کس کس ذرائع سے حاصل ہوئی اور کہاں کہاں خرچ ہوئی، اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔
پارٹی کے عہدیداروں کے نام، ان کے عہدے اور قومی شناختی کارڈ نمبر بھی مہیا کیا جائے۔

واضح رہے12 اگست کو جاری نوٹس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2 اگست کو دیئے گئے فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے۔

اس سے قبل جمعرات 11 اگست کو ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں اکاؤنٹس کی چھان بین کیلئے چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ٹیمیں تشکیل دیں تھیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات میں اکاؤنٹس کی چھان بین کیلئے چاروں صوبوں بشمول وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کریں گی، جب کہ ان کی 6 رکنی ٹیم میں اجمل صدیق، سردار اللہ بابر، اصغر بلوچ، ریحانہ کوثر اور ارباب عباسی شامل ہوں گے۔

بلوچستان میں ایف آئی اے کی ٹیم محمد علی ابڑو، محمد راشد بھٹی، افروز احمد کلہواڑ اور راجہ محمد امتیاز پر مشتمل ہوگی، جب کہ خیبرپختونخوا کی 5 رکنی ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آفتاب بٹ کریں گے، جب کہ ان کی ٹیم میں افضل نیازی، طاہر خان، عرفان اللہ اور صائمہ ندیم شامل ہوں گی۔

سندھ زون ون کی 5 رکنی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی کریں گی، اور اس ٹیم میں رؤف شیخ، سبین غوری، آفتاب وٹو اور راحت خان شامل ہیں۔ پنجاب زون ون ٹیم کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عامر اقبال ہوں گے، اور ٹیم میں محمد یوسف،شاہد علی اور عرفان خان شامل ہیں۔

Comments are closed.