نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا
لاہور( زمینی حقائق )نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا،کوٹ لکھپت جیل کی لاہور انتظامیہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کا روبکار موصول ہوا اور قانونی کارروائی مکمل کئے جانے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں طبی بنیاروں پر ضمانت کا روبکار لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کو بذریعہ فیکس موصول ہوا، نواز شریف کا روبکار رجسٹرار سپریم کورٹ نے جاری کیا۔
روبکار میں کہا گیا کہ نوازشریف کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کئے جانے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
یاد رہے منگل کو چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواستِ ضمانت کی سماعت کی تھی۔
سپریم کورٹ نے 50 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض نواز شریف کی 6 ہفتوں کے لیے ضمانت منظور کرلی، تاہم انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور وہ پاکستان میں ہی اپنی مرضی کے ڈاکٹر اور اسپتال سے علاج کراسکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 2 ضمانتی بھی دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چھ ہفتے بعد خود گرفتاری دینی ہوگی، اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔
عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ اگر نواز شریف کو طبی بنیادوں پر دوبارہ ضمانت درکار ہو تو اس کے لئے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوبارہ درخواست دینی ہوگی، پھر ہائی کورٹ میرٹ پر کوئی فیصلہ کرے گی۔