اسلامی یونیورسٹی اور فیصل مسجد باوقار سعودی تحائف ہیں،پروفیسر سجاد قمر

اسلام آباد : اسلامی یونیورسٹی اور فیصل مسجد باوقار سعودی تحائف ہیں،پروفیسر سجاد قمر کا تقریب سے خطاب، معروف اسکالر پروفیسر حافظ سجاد قمر نے کہا روشنی پھیلانے والے یہ روشن مینار دوستی اور برادرانہ تعلق کی علامت ہیں.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی میں یونیورسٹی کی خدمات پر منعقدہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال العتیبی،ریکٹر ڈاکٹر معصوم یسین زئی،اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر سمیعہ سمیت دیگر نے اظہار خیال کیا۔

یونیورسٹی کے ماہرین سودی نظام کے خاتمہ کیلئے رہنمائی کریں، عبدالغفور حیدری

سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی قابل قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔دینی امور میں یونیورسٹی سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔سودی نظام معیشت کے خاتمے کے لیے یونیورسٹی کے ماہرین حکومت کی رہنمائی کریں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی بنکنگ سسٹم پر بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، مختلف اسلامی ممالک نے اس پر کافی کام کیا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام اسلامی ممالک مل کر کام کریں۔اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔انھوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے۔

معروف اسکالر پروفیسر حافظ سجاد قمر کا کہنا تھا یونیورسٹی میں ہزاروں غیر ملکی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔جو کہ پاکستان کے مضبوط سفیر بن سکتے ہیں۔اس وقت پاکستان او آئی سی کا چئیرمین ہے۔

انھوں نے کہااو آئی سی کے ساتھ اس کومربوط کر کے ملک کے لیے قابل قدر فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔افریقہ کے اسلامی ممالک میں مختلف شعبوں میں کام کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ قومی سطح پر ایسا ںظام قائم ہو جو اس کام کی سرپرستی کرے۔

چئیرمین گلوبل سوکر ونچر سردار یاسر محمود نے کہا کہ نجی شعبے اور جامعات کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔جامعات کے مختلف شعبوں کو تجارتی اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ منسلک کرنے سے طلبہ کو بہتر مواقع مہیا ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.