ن لیگ کو ضمنی انتخاب سے قبل جھٹکا،ایک ایم پی ایم مستعفی دوسرا منحرف

لاہور: ن لیگ کو ضمنی انتخاب سے قبل جھٹکا،ایک ایم پی ایم مستعفی دوسرا منحرف ہوگیا ، رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے استعفیٰ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے حوالے کیا جو انھوں نے فوری منظور کرلیا۔

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اسپیکر پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن سے رائیں الگ کرنے سے متعلق پہلے فیصلے سے آگاہ کیا پھر استعفیٰ حوالے کیا۔

جلیل شرقپوری کا موقف تھا کہ میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مزید نہیں چل سکتاکیونکہ شہباز شریف جس طرح اشتہاریوں کے ساتھ چل رہے ہیں، میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے وژن کے ساتھ پہلے بھی تھا اور اب بھی ان کے ساتھ چلوں گا،میں نے حلقے کے کارکنوں سے مشورے کے بعد ضمنی الیکشن سے پہلے استعفیٰ دینے آیا ہوں۔

جلیل شرقپوری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آج ایک سوچ اور نظریے کے تحت استعفیٰ دیا ہے، انھوں نے کہا کہ عمران خان کے نظریے اور فلاسفی کو پسند کرتے ہیں اسی لیے ان کے ساتھ ہیں، محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں۔

بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے جلیل شرقپوری کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ادھر نارووال سے (ن) لیگ کے رکن اسمبلی غیاث الدین نے بھی پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان کردیا،اگر وہ بھی مستعفی ہو گئے تو مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

Comments are closed.