کراچی میں سڑکیں اور گلیاں ندی نالے بن گئے، شہری و صوبائی حکومت بے بس

اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں صبح صبح موسلا دھار بارش، کراچی میں سڑکیں اور گلیاں ندی نالے بن گئے، شہری و صوبائی حکومت بے بس، متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں ہے.

کراچی میں تین روز سے جاری بارش کے سلسلہ نے صوبائی حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کر دیا، نکاسی آب نظام جواب دے گیا اور بارشوں نے شہر قائد کو ڈبو دیا ہے ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

لانڈی، کورنگی، اورنگی ٹاون، عیسیٰ نگری، عائشہ منزل اور شاہراہ پاکستان سمیت کئی اندرون شہر کے علاقے زیر آب آ گئے ، گڈاپ کاٹھور کے اطراف سیلابی ریلے سے سڑک کا بڑا حصہ بہہ گیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں بھی صبح صبح تیزہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے اور تاحال ابر آلود ہے ، سیکٹر ایچ 13 تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔

بارش کا پانی عمارتوں کی بیسمنٹس میں بھی داخل ہو گیا، راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہو گئی جس کے باعث انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔

صوابی میں طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، سکندری میں مکان کی چھت گر نے سے ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں جل تھل ایک ہونے کا امکان ہے۔

Comments are closed.