نیوٹرلز سے کوئی لڑائی نہیں ہےجو بات کرنا چاہتا ہے دروازے کھلے ہیں،عمران خان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بیرونی اور اندرونی طاقت کے ذریعے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں جو بات کرنا چاہتا ہے۔دروازے کھلے ہیں۔، نیوٹرلز سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔
زمان پارک لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نیوٹرلز سے کیوں لڑوں گا۔ میں نے کون سی ریڈ لائن عبور کی ہے۔ صاف شفاف الیکشن کے بغیر ملک بحران سے نہیں نکلے گا۔ تگڑی عوامی حکومت بنے گی تو ملکی معیشت چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ کرنے والوں نے 1100 ارب روپے کا این آر او لیا۔ نیوٹرلز سے بات ہوئی تو ایک ہی مؤقف ہے کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہو۔ چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا۔ اس بار حکومت میں ایک ایشو رہا مختلف چھوٹی جماعتیں بلیک میل کرتی رہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عثمان بزدار کے سوا باقی امیدوار ایک دوسرے کے نام پر بطور وزیر اعلیٰ متفق نہیں تھے۔ علیم خان اور چودھری پرویز الٰہی بطور وزیر اعلیٰ ایک دوسرے کے نام سے راضی نہیں تھے۔ پنجاب ملک کا 60 فیصد ہے۔ کسی ایسے کو وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتا تھا جو ذاتی لوٹ مار کرتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان حکمرانوں سے تو کوئی بات کرنے کو بھی تیار نہیں۔ اگر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی تو یہ ملک کا اور نقصان کریں گے۔ مجھے کیا ہے میں تو اور انتظار کر لوں گا، نقصان ملک کا ہوگا۔ ان چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا، چاہے اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جو بات کرنا چاہتا ہے دروازے کھلے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھنے سے ہزار درجے بہتر ہے میں اپوزیشن میں بیٹھ جاؤں۔ کسی بیرونی اور اندرونی طاقت کے ذریعے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں۔
Comments are closed.