لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں سقم ہیں، سپریم کورٹ ریلیف دیگی، بیرسٹر علی ظفر

لاہور : پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور وکیل کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں سقم ہیں، سپریم کورٹ ریلیف دیگی، بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر مشاورت جاری ہے.

انھوں نے امید ظاہر کی کہ اگر سپریم کورٹ گئے تو فیصلہ میں موجود سقم کی وجہ سے کل شام چار بجے سے پہلے ریلیف ہر صورت ملے گا۔

بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حمزہ شہباز کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے لیکن اس میں کئی قانونی سقم ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ ہمارے کئی ارکان اسمبلی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہیں، کچھ اراکینِ پنجاب اسمبلی ملک سے باہر بھی ہیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی غیر موجودگی میں الیکشن کی کیا حیثیت ہے، اس پر غور کر رہے ہیں، ایسی صورت میں تو لا حاصل پریکٹس ہو سکتی ہے.

دوسری طرف اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کی زیر صدارت آئینی ماہرین کا اجلاس ہوا، لاہور میں منعقدہ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے پر مشاورت کی گئی۔

Comments are closed.