سوات میں پی ٹی آئی نے حکمران اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار کو ہرادیا
مینگورہ: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات میں پی ٹی آئی نے حکمران اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار کو ہرادیا، عوامی نیشنل پارٹی کے حسین احمد کو بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔
پی کے 7 میں پی ٹی آئی کے فضل مولا 18 ہزار 42 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ان کے مد مقابل پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ امیدوار حسین احمد 14 ہزار 665 ووٹ لے سکے۔
شکست دیکھتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کے دوران اے این پی کے کارکنوں نے آر او آفس کے سامنے ہنگامہ آرائی کی اور آفس کا گھیراؤ کرلیا تھا تاہم پولیس نے منتشر کر دیا۔
یہ نشست اے این پی سے پی ٹی آئی نے چھینی ہے نشست عوامی نیشنل پارٹی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا اور شام 5 بجے تک جاری رہا۔
حلقے میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 308 ہے۔ حلقے میں 124 پولنگ اسٹیشنز اور 308 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔ حلقے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
Comments are closed.