مرکہ بھی چین نہ پایا تو ؟عامرلیاقت کی قبر کشائی
فوٹو : فائل
کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مرکہ بھی چین نہ پایا تو ؟عامرلیاقت کی قبر کشائی کا حکم دے دیا گیا، ورثا نے مرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دی تھی اب قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
کراچی کی مقامی عدالت نے خبروں میں ہر وقت رہنے والے زندہ دل اینکر و سیاستدان عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دیاہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے فریقین کے دلائل سننےکے بعد آج صبح ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کےلئے درخواست شہری عبدالاحد کی جانب سے دائر کی گئی تھی جسے درخواست منظور کرتے ہوئے عامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کی اجازت دے دی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ پتہ چل سکے،عامر لیاقت ایک معروف ٹی وی اینکر اور سیاست دان تھے، ان کی اچانک موت سے کراچی کے شہریوں میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔
درخواست کے مطابق انہیں شک ہےکہ جائیداد کے تنازع پر انہیں قتل کیا گیا، اس لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے تاکہ ان کی موت کی وجہ سامنے آسکے۔
عدالت میں سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ورثاء عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے، ورثاء کہتے ہیں کہ پوسٹ مارٹم کرانے سے ان کے والد کی روح کو تکلیف پہنچے گی، ورثاء کہتے ہیں کہ ہمیں کسی پرشک بھی نہیں ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ورثاء کا مؤقف ہےکہ پوسٹ مارٹم سے عامرلیاقت کی قبرکی بے حرمتی ہوگی،کوئی شک نہیں کہ ورثاء عامر لیاقت کی قبر کے وارث ہیں۔
عدالت نے کہا کہ جب موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آناچاہیے،عدالت نےتحریری حکم میں کہا ہےکہ پس پردہ حقائق سامنے آنے چاہئیں، پولیس سرجن کے مطابق لاش کے بیرونی معائنے سے موت کی اصل وجہ پتہ نہیں چلتی۔
عدالت نے سیکرٹری صحت کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینےکی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ میڈیکل بورڈ پوسٹ مارٹم کی تاریخ کا تعین کرےگا،میڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کیا جائے ، عدالت نے ایس ایچ او بریگیڈ کو تمام انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔
عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
Comments are closed.