صرف 1ارب ڈالر کیلئے22کروڑ عوام شکنجے میں ،پٹرول مزید مہنگا؟

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) صرف 1ارب ڈالر کیلئے22کروڑ عوام شکنجے میں ،پٹرول مزید مہنگا؟ وزیر خزانہ نے جولائی میں پٹرولیم مصنوعات پر دی گئی تمام سبسڈی ختم کرنے کابتا دیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت ہر صورت آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کی تمام شرائط قبول کرلی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے دوست ممالک موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں کررہے اس لئے مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے دو ارب ڈالر اگر سعودی عرب، یو اے ای یا چائنہ سے مل جاتا تو حکومت آئی ایم ایف کی شرائط سابق حکومت کی طرح مسترد کرسکتی تھی مگر دوست ممالک انتخابات کے بعد کی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی پٹرول مزید مہنگا کرنے کا واضح عندیہ دیاہے جب کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی جیو کے پروگرام میں دو ٹوک انداز میں کہا پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جولائی تک ختم کردیں گے۔

مفتاح اسماعل نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم نہ صرف سبسڈی ختم کررہے بلکہ آئندہ سبسڈی نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ ملک کی معاشی صورتحال بہتر بنا سکیں۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر قیمتیں کم نہ ہوئیں تو ہمیں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانی پڑے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں ایک لیٹر پیٹرول 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل 204 روپے 15پیسے کا ہے اور اس کے باوجود حکومت پٹرول مزید مہنگا کرنے کافیصلہ کررہی ہے۔

Comments are closed.