اسپیکر کا 5 گھنٹے انتظار، استعفیٰ تصدیق کیلئے کوئی رکن نہ آیا

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام ) اسپیکر کا 5 گھنٹے انتظار، استعفیٰ تصدیق کیلئے کوئی رکن نہ آیا، راجہ پرویز اشرف دن بھر انتظار کے بعد اٹھ کر چلے گئے.

تحریک انصاف کا کوئی رکن استعفی ٰ تصدیق کےلئے نہ آیا،حکمران اتحاد کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا اور میڈیا میں خبریں بھی چلوائی گئیں کہ پی ٹی آئی کے بعض ارکان قومی اسمبلی میں واپسی کے حامی ہیں ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اپنے چیمبر میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے انتظار کرتے رہے، تاہم کوئی بھی رکن تصدیق کے لیے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وائز ان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ہر رکن اسمبلی کے لیے استعفے کی تصدیق یا تردید کے لیے پانچ منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا۔

قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری یا انہیں التوا میں رکھنے سمیت دیگر امور پر ماہرین سے رائے لے چکے ہیں اور انہوں نے آج سے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے 30 ارکان اسمبلی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد استعفوں کی تصدیق کے لیے کہا گیا تھا جن کے لیے اسپیکر راجا پرویز اشرف 5 گھنٹے تک منتظر رہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسپیکر نے صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ اس دوران وہ اپنے چیمبر میں موجود رہے، مگر نا امید واپس چلے گئے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کے الیکشن میں شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ ہم اس حکومت کو نہیں مانتے اور پارلیمنٹ سے استعفے دینے کا اعلان کرتے ہیں۔

Comments are closed.