سازش کرکے آئے ہو، حکومت چلا کر دکھاو ، روتے کیوں ہو؟ عمران خان

دیر بالا(زمینی حقائق ڈاٹ کام) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سازش کرکے آئے ہو، حکومت چلا کر دکھاو ، روتے کیوں ہو؟ عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت اچھی خاصی چل رہی تھی بیرونی سازش کے تحت ہٹائی گئی۔

دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب حکومت میں آگئے ہو تو معیشت چلانا تمہارا کام ہے، اگر ہمارے دور میں برا حال تھا تو عمران خان کو خراب ہونے دیتے سازش نہ کرتے۔

عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم پر بھی پٹرول اور بجلی مہنگی کرنے کا دباؤ ڈالا تھا لیکن ہم نے ریٹ بڑھانے کی بجائے اور کم کردیے، ہم نے اپنا پیٹ کاٹ کر دیگر ذرائع سے پیسے جمع کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ٹیکس کی صورت میں سب سے زیادہ پیسہ اکٹھا کیا، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، جبکہ نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کی چوری کی دولت باہر پڑی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہ مہنگائی کا جواز بنا کر حکومت گرائی گئی جبکہ 30 دن میں جو مہنگائی ہوئی اتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی، پیپلزپارٹی کی حکومتیں توکرپشن پرنکالی گئیں اورہمیں مہنگائی کم کرنے پر نکالاگیا، تاکہ غلاموں سے اپنے مطلب کےفیصلے کراسکیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ہندوستان اور اسرائیل کا ایجنڈا نافذ کرکے پاکستان کوغلام بنانا چاہتے ہیں جو ہمیں منظور نہیں،شہباز شریف بہت گھبرایا ہوا ہے اور اس کے چہرے پر عجیب سا خوف ہے، کہتے ہیں کہ پتہ نہیں تھا کہ بارود کی سرنگیں بچھائی گئی ہیں۔

انھوں نے استفسار کیا کہ شہباز شریف آپ سے حکومت نہیں چلتی تو سازش کیوں کی تھی، نہ سازش کرتے اور مجھے رہنے دیتے، حالات کی ساری ذمہ داری میری ہوتی اور تم کہہ دیتے میری وجہ سے سب کچھ ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ اتنی بوٹ پالش کرکے اقتدار میں آگئے تو اب ذمہ داری لو، اب سازش کی ہے تو معیشت ٹھیک کرکے دکھاؤ اور ملک کو مشکل سے نکالو، راہ فرار اختیار نہ کرو، ہم بھی جب حکومت میں آئے تھے تو تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا ہم نے ملک کو مشکل سے نکالا، شہباز شریف جب سے تم آئے ہو ملک تیزی سے نیچے کی طرف جا رہاہے، معیشت کمزور ہوگی، تو ہماری سیکیورٹی بھی کمزور ہوگی، تم صرف اپنی چوری بچانے حکومت میں آئے تھے۔

Comments are closed.