سعودی عرب کی پاکستان کے 3ارب ڈالرز ڈیپازٹ میں توسیع کی تصدیق

فوٹو : فائل 

ڈیووس(ویب ڈیسک)سعودی عرب کی پاکستان کے 3ارب ڈالرز ڈیپازٹ میں توسیع کی تصدیق کی گئی ، یہ تصدیق سعودی وزیر خزانہ نے روئٹرز کے ساتھ گفتگو میں کی ہے۔

سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے سائیڈ لائن پر گفتگو کررہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو دیے جانے والے تین ارب ڈالرز ڈیپازٹ میں توسیع کر رہا ہے۔

سعودی وزیرخزانہ نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ’اس وقت تین بلین ڈالرز ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالرز پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سپورٹ کرنے کے لیے جمع کرایا تھا۔

محمد الجدعان نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم یکم مئی کو دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ زرمبادلہ کے ذخائر کی مد میں سپورٹ کے لیے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سمیت دوسرے آپشن پر غور کریں گے۔

پاکستان کو اس وقت افراط زر میں اضافے، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کے سبب زرمبادلہ کی اشد ضرورت ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مملکت کا اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے ساتھ قرض معاہدے کی بحالی کے اوپر منڈلاتے خدشات کی وجہ سے مارکیٹ اور معیشت کو بہت زیادہ عدم استحکام کا سامنا ہے۔

Comments are closed.