عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کردیا

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کردیا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا پولیس اور فوج سے کہتا ہوں غیر جانبدار رہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ آج کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کس تاریخ کو لانگ مارچ ہوگا فیصلہ کرلیا ہے، اس مارچ میں شرکت کیلئے صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ عوام سمیت ہر شعبے کو دعوت دیتا ہوں.

عمران خان نے کہا کہ جو قوم طاقتور مجرموں کو سزا نہیں دیتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، قوم کے اندر انصاف، قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہ ترقی نہیں کرتی، 25 تاریخ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سرینگر ہائی وے پر ملوں گا.

انھوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دو اور اسمبلی تحلیل کرو، ہم چاہتے ہیں ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہو۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری سیاست پرامن ہے، ہمارے جلسوں میں ہر طبقے کے لوگ، خواتین آتی ہیں، اگر پرامن مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے، انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے انٹرنیٹ 2 دن پہلے بند ہوجائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کیخلاف امریکا سے رجیم چینج کی سازش ہوئی، رجیم چینج کیلئے لوکل لوگوں کو ساتھ ملایا، کرپٹ ترین لوگوں کو ساتھ ملا کر سازش کی گئی، پچھلے 8 ماہ میں یہ سازش شروع ہوئی جس کا علم جون 2021 میں ہوگیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ رجیم چینج کی سازش کامیاب نہ ہو، بدقسمتی سے ہم کامیاب نہ ہوسکے، 7 مارچ کو امریکا کی جانب سے واضح دھمکی دی گئی.

انھوں نے کہا امریکا کو پتہ تھا کہ کس نے حکومت میں آنا ہے، تحریک عدم اعتماد اگلے ہی دن ٹیبل کردی گئی، ایم این ایز کو 20،20 کروڑ کی آفر ہوئی کہ پارٹی چھوڑ دیں، سازش کے تحت میڈیا پر بھی ہمارے خلاف مہم چلائی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ یہ سازش میرے نہیں بلکہ پاکستان کیخلاف ہوئی ہے، 60 کی دہائی کے بعد پہلی بار انڈسٹریز اوپر جانا شروع ہوئیں، کسانوں کو پہلی بار شوگر مافیا سے پورا پیسہ دیا، ریکارڈ فصلوں کی پیداوار ہوئی.

آئی ٹی ایکسپورٹ 75 فیصد کی مناسبت سے آگے بڑھ رہی تھیں، ملک ہر طرف سے آگے بڑھ رہا تھا، کیونکہ میں ملک سے نہیں بھاگ رہا تھا، نہ منی لانڈرنگ نہ جائیداد بنارہا تھا، کیا وجہ تھی کہ سازش کےتحت ہماری حکومت کو ہٹایا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم معیشت کو بحران سے نکال رہے تھے تو کورونا آگیا، دنیا مثال دیتی ہے کہ پاکستان کامیابی سے کورونا سے باہر نکلا، کورونا صورتحال میں بھارت، یورپ اور امریکا کے حالات برے تھے.

عمران خان ہم نے اپنے لوگوں اور معیشت کو بھی کورونا سے بچایا، گروتھ ریٹ کو ہم 6 فیصد پر لیکر آئے۔

Comments are closed.