سعودی عرب اور امارات سے فوری مدد نہ ملنے پر حکومت شدید مالی مشکلات کا شکار
فوٹو: فائل
اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام )سعودی عرب اور امارات سے فوری مدد نہ ملنے پر حکومت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ، وزیراعظم شہبازشریف خود بھی کہہ چکے ہیں کہ انھوں نے دوست ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے مگر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز سی پی این ای اور سینئر صحافیوں سے ملاقات میں کہا تھا سعودی عرب سے مالی مدد کی درخواست کی گئی ہے تاہم اس پر فوری فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، سابق حکومت کی پٹرولیم مصنوعات پر دی گئی سبسڈی شہباز حکومت کیلئے درد سر بن چکی ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تین دوست ممالک نے پاکستان کو فوری طور پر بڑی مالی امداد دینے سے انکار کردیا ، جس کے بعد پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے آپشن محدود ہوگئے۔
موجودہ حکومت ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے پر پہلے ہی رضامندی ظاہر کرچکی ہے اور مفتاح اسماعیل کی طرف سے اعلان بھی کیا جاچکا ہے ،دوسری طرف پاکستان آئی ایم ایف سے 18مئی کو دوحہ میں بات چیت شروع کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئی ایم ایف سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی شرط کو جزوی طور پر نرم کرنے کی درخواست کی جائے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ قرض کے نئے سودوں کو حتمی شکل دینے میں تاخیر ہے ، دوست ممالک غیر یقینی صورتحال میں بڑے فیصلے لینے میں بھی تذبذت کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا کہ یہ بھی کہا گیاہے کہ مالی امداد کیلئے پاکستان میں انتخابات کے بعد برسراقتدار آنے والی حکومت کا انتظار کیا جائے کیونکہ موجودہ حکومت اگر کسی بھی وقت انتخابات کی طرف چلی گئی تو معاہدوں پر عمل درآمد میں مشکلات پیدا ہوں گی۔
Comments are closed.