مسلح افواج کو سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ترجمان پاک فوج کی طرف سے کہا گیاہے کہ مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے ملک میں جاری سیاسی گفتگو اور مباحثوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی قیادت کو دانستہ طور پر گھسیٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ یہ کوششیں براہ راست یا بالواستہ عوامی فورمز اور سوشل میڈیا سمیت مختلف فارمز پر کی گئیں، جس میں کچھ سیاسی شخصیات، بعض صحافی اور تجزیہ کار شامل ہیں.
آئی ایس پی آر کے مطابق ان سیاسی مباحثوں اور گفتگو میں غیر مصدقہ، ہتک آمیز اور اشتعال انگیز بیانات اور ریمارکس دیئے جارہے ہیں، جو کہ انتہائی نقصان دہ ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ایسے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کا حصہ نہیں ہوسکتیں۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ فوج اور اس کی قیادت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسے سیاست میں گھسیٹنا غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، ایسے غیر مصدقہ اشتعال انگیز بیانات سے اجتناب بہت ضروری ہے۔
آئی ایس پی آرمیں کہا گیاہے کہ مسلح افواج اور اس کی قیادت توقع کرتی ہیں کہ سب افراد قانون کی پاسداری کریں گے اور مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں گے۔
Comments are closed.