فضل الرحمان کے نیوٹرل کا مطلب ہے ایمپائر ہمارے ساتھ ہے، اعتزاز احسن

فوٹو: فائل

اسلام آباد( ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے فضل الرحمان کے نیوٹرل کا مطلب ہے ایمپائر ہمارے ساتھ ہے، اعتزاز احسن نے کہا عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو عمران خان خوش قسمت ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپوزیشن کو نقصان پہنچائے گی، نوازشریف لندن گئے اور دو سال سے وہاں بیٹھے ہوئے ہیں حالانکہ وہ گئے چار ہقتوں کیلئے تھے۔

اعتزاز احسن نے نوازشریف کی بیماری پر ابہام ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاج کی کوئی معتبر رپورٹ نظر نہیں آتی،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے لوگوں نے حساب دینا ہے کہ آپ لندن کیوں چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ موجود صورتحال سے لگ رہا ہے کہ وزیراعظم اکثریت سے محروم ہو گئے ہیں، اتحادی خود کو آزاد محسوس کر رہے ہیں،
شیخ رشید نے کہا کہ پانچ ووٹ ہیں اور بلیک میل کرتے ہیں کہہ کر اتحادیوں کو تکلیف پہنچائی ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ عمران خان الیکشن مہم کے لیے نکلے ہیں۔انہوں نے سوچ لیا ہے کہ ان کا اہم پوائنٹ کرپشن ہے، عمران خان کی کوشش ہے کہ کرپشن کی بات کر لو لوگ مہنگائی بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد پاس ہوئی تو میں سمجھتا ہوں عمران خان خوش قسمت ہوں گے ، کیونکہ مہنگائی اور بیرزگاری کا پہاڑ آنے والے وزیراعظم پر پڑے گا اور آئندہ حکومت سلیکٹڈ نہیں ہو گی۔

اعتزاز احسن نے یہ بھی کہا کہ ووٹ ممبر کا ہے یا پارٹی کا اس کے درمیان ایک باریک لکیر ہے، میری ذاتی رائے میں ووٹ ممبر کا حق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا جب اپوزیشن کی کابینہ بنی تو ان کو پتہ لگے گا کہ کس کو کہاں لگانے میں دشواری اور مشکلات ہیں۔

انھوں نے کہامولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کا مقصد عمران کو ہٹانا ہے، ایمپائر سیاسی گیم میں نیوٹرل نہیں ہوتے، مولانا صاحب کے ایمپائر نیوٹرل کا مطلب یہ ہے کہ ایمپائر ہمارے ساتھ ہوگیا۔

Comments are closed.