راولپنڈی میں پابندی کے باوجود بسنت ، ایک بچہ جاں بحق68افراد زخمی

فوٹو: فائل

راولپنڈی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)راولپنڈی میں پابندی کے باوجود بسنت ، ایک بچہ جاں بحق68افراد زخمی ہو کر مختلف اسپتالوں میں پہنچ گئے، پولیس تماشادیکھتی رہی ، سوائے اکا دکا کاروائیوں کے کوئی بڑا ایکشن نہیں لیا گیا۔

پتنگ بازوں نے پابندی کے باوجود ادھم مچائے رکھا،زیادہ تربچے اور بڑے پتنگ لوٹنے کی کوشش میں ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے جھنیں شہر کے دو بڑے اسپتالوں میں پہنچایاگیا۔

مری روڈ، اڈیالہ روڈ، لالہ زار، پرانا ایئرپورٹ روڈ، گلزار قائد، کار چوک، ڈھیری، لال کرتی، کھنہ پل اور جھنڈا چیچی پل سمیت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر پتنگ لوٹنے والے بچوں اور بڑوں کی بھاگ دوڑ کے باعث گاڑیوں کے بھی حادثات ہوئے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق پتنگ پکڑنے کی کوشش میں ایک بچہ ڈھوک کالا خان میں چھت سے گر کر جاں بحق ہو ا ہے، جبکہ چھت سے گرنے کے دیگر واقعات بھی ہوئے۔

راولپنڈی کے اسپتالوں اور پولیس سے ملنے والی معلومات کے مطابق صرف راولپنڈی کی حدود میں پتنگ بازی کے دوران کی جانے والی ہوائی فائرنگ،حادثات اور ڈور پھرنے سے 68 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے 38 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ 30 زخمیوں کو بے نظیر اسپتال پہنچایاگیا۔

بتایا جاتاہے کہ راولپنڈی میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود شہر میں پتنگ ، ڈوریں اور دیگر سامان بکتارہا، لوگ خرید کر گھروں میں لے جاتے رہے لیکن کسی نے پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی کی نہ خریداروں کے خلاف کی گئی۔

Comments are closed.