چوہدری پرویز الٰہی کو پارلیمانی پارٹی نے فیصلوں کااختیار دے دیا

فوٹو: فائل

اسلام آباد( ساجد فاروق ملک)پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم نے پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سمیت پارٹی کے اہم رہنماوں نے شرکت کی ۔

وفاقی وزیرمونس الٰہی، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان سمیت سینیٹ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا ، اس موقع پرچوہدری پرویز الٰہی کو پارلیمانی پارٹی نے فیصلوں کااختیار دے دیا۔

اجلاس میں شریک تمام ارکان اسمبلی نے چودھری پرویزالٰہی پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں منظور ہوگا اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگوکی گئی۔

مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا، حافظ عمار یاسر نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کروائی۔

مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے ارکان اسمبلی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

مسز فرخ خان، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چودھری، شجاعت نواز اجنالہ اور خدیجہ عمر بھی اجلاس میں شریک تھیں۔

Comments are closed.