سعودی عرب میں نئے پاکستانی سفیر امیر خرم اسی ہفتے چارج سنبھالیں گے

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی عرب میں نئے پاکستانی سفیر امیر خرم اسی ہفتے چارج سنبھالیں گے،، سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے سفیروں کی تقرریاں عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب اور عمان میں پہلے مرحلے میں سفیروں کا تبادلہ کیا گیاہے اورسعودی عرب میں گزشتہ سال تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سعودی عرب کے لیے نئے سفیر امیر خرم راٹھور کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے آئندہ ہفتے سعودی عرب پہنچنے کی ہدایت ملنے کے بعد
نامزد سفیر خرم راٹھور نے پاکستان میں رسمی ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں۔

امیر خرم راٹھور نے ان ملاقاتوں کا آغاز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے ساتھ کیا،دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں بطور سفیر نامزدگی پر خرم راٹھور کو مبارک باد دی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہمارے سفرا کو اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو ملک کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران سعودی عرب کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔

خرم راٹھور اس سے قبل کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر تعینات کیے گئے تھے لیکن ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد انہیں سعودی عرب میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واپس بلا لیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب میں انہیں کینیڈا سے سعودی عرب بلا کر نئی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا،خرم راٹھور اس سے قبل جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن بھی رہ چکے ہیں۔

عمان میں بھی کمیونٹی کو مسائل کا سامنا تھا جس کے بعد پاکستان کی حکومت نے بارسلونا میں تعینات قونصل جنرل عمران چوہدری کو عمان میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا ہے۔

عمران چوہدری نے گذشتہ ہفتے عمان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں،سپین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مطابق عمران چوہدری نے بطور قونصل جنرل اپنے فرائض ادا کیے۔

بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنا موبائل نمبر اور واٹس ایپ نمبر پاکستانی کمیونٹی کے ہر فرد کو دے رکھا تھا تاکہ کسی سے اگر بر وقت رابطہ نہ بھی ہو سکے تو وہ وٹس اپ پر پیغام رسانی کر سکیں۔

Comments are closed.