افغانستان پر پاک چین سیم پیج پرامریکی رائے مختلف ہے

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہےافغانستان پر سب کا اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، سوائے امریکا کے سب سمجھتے ہیں کہ افغانستان کے منجمد اکاؤنٹ بحال کیے جائیں.

سینیئر صحافیوں، تھنک ٹینک کے نمائندوں اور سابق سفارتکاروں سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہاافغانستان پر پاک چین سیم پیج پرامریکی رائے مختلف ہے، کیوں کہ امریکہ اپنی اندرونی مجبوریوں کی وجہ سے پھنسا ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے سب متفق ہیں، حالات خراب ہوئے تو امریکا کو اور بھی مشکلات کا سامنا ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ چین کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا، آج دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، ہماری معیشت درست سمت میں ہے، چینی قیادت نے اعتماد کا اظہار کیا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت اور معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں، چین کی قیادت اور کاروباری برادری نے پاکستانی معیشت کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد بہت سے مسائل کا سامنا ہے، سندھ اور پنجاب میں گندم الگ الگ قیمت پر فروخت ہو رہی ہے، ملک میں گندم کی قیمت ایک ہی ہونا چاہیے، اشیاء کی قیمتیں یکساں ہونی چاہئیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے کہا کہ سی پیک پر کام سست نہیں ہوا، بلکہ ہمارے ورکنگ گروپ 7 سے 11 ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کا نقشہ تیزی سے بدلتا جارہا ہے، آج آپ سب سے ملاقات کا مقصد آپ کی آرا لینا ہے، اس دورے سے متعلق آپ کی رائے سننا چاہتا ہوں، چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی جڑیں مضبوط ہیں.

انھوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات موجودہ دور کے بعد زیادہ مضبوط ہوئے ہیں، 2019 میں کورونا کے باعث چین میں لاک ڈاون کیا گیا اور چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا، اور یہ دورہ ملتوی ہونے کے باعث کچھ چیزیں طے ہونے سے رہ گئیں.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا، اس دورے میں 2 سال کے بعد چین کے صدر سے ملاقات ہوئی، چینی قیادت سے ملنے تک معاملات آگے نہیں چل سکتے.

وزیراعظم نے واضح کیا کہ افغانستان پر چین اور پاکستان میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، صرف امریکا کی رائے مختلف ہے، امریکی خارجہ پالیسی کی بھی کچھ مجبوریاں ہیں۔

Comments are closed.